ٹیلی کام سروسز بلا تعطل برقرار رکھنے کیلئے وزارت آئی ٹی کی ہدایات جاری
Tuesday, 28 July 2026
وزارت آئی ٹی نے تمام ٹیلی کام کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے نیٹ ورک اور انفراسٹرکچر کو محفوظ بنانے کے لیے پیشگی اقدامات یقینی بنائیں تاکہ شدید بارشوں یا قدرتی آفات کے دوران مواصلاتی نظام متاثر نہ ہو۔
ذرائع وزارت آئی ٹی کے مطابق چاروں صوبوں میں 1122 ایمرجنسی کال سینٹرز مکمل طور پر فعال رہیں گے، جبکہ ان کا مرکزی رابطہ این ڈی ایم اے کے پاس ہوگا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہنگامی صورتحال میں 1122 پر موصول ہونے والی تمام کالز پر فوری کارروائی کی جائے گی، جبکہ مؤثر ایمرجنسی رسپانس کو یقینی بنانے کے لیے صوبائی کال سینٹرز مسلسل پی ٹی اے کے ساتھ رابطے میں رہیں گے۔
وزارت آئی ٹی کے ذرائع کے مطابق گزشتہ سال سیلابی صورتحال کے دوران 27.8 ملین ایمرجنسی کالز موصول ہوئیں، جبکہ قدرتی آفات کے دوران ملک بھر میں صرف 7 فیصد ٹیلی کام سائٹس متاثر ہوئیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ متاثر ہونے والی 99 فیصد ٹیلی کام سائٹس کو ایک ماہ کے اندر بحال کر دیا گیا تھا، جس سے ہنگامی حالات میں مواصلاتی نظام کی بحالی کی استعداد کا اندازہ ہوتا ہے۔
تبصرے
ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں آیا۔ پہلا تبصرہ آپ کریں!
تبصرہ کریں