News Logo
صفحہ اول میگزین روبرو ای پیپر

Follow Us

پاکستان

اتحادی جماعتوں کی وزیراعظم سے ملاقات، خیبرپختونخوا بارے حکومتی فیصلوں کی حمایت

Tuesday, 13 October 2026

11 ویوز
اتحادی جماعتوں کی وزیراعظم سے ملاقات، خیبرپختونخوا بارے حکومتی فیصلوں کی حمایت

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے، معیشت کی بہتری اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے گورنر کی معاونت کے لیے غیر جانب دار ٹیکنوکریٹ ایڈوائزری کونسل قائم کی گئی ہے  وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان مسلم لیگ (ق)، بلوچستان عوامی پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی اور مسلم لیگ (ضیاء) کے پارلیمانی وفد نے ملاقات کی، جس میں وزیراعظم نے وفد کو خیبرپختونخوا کی صورتحال پر اعتماد میں لیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت کے طرز عمل اور دہشت گردی کے خلاف دوٹوک موقف اختیار کرنے سے گریز کے باعث پاکستان کی ترقی کرتی معیشت کو خطرات لاحق تھے، وفاقی کابینہ نے باہمی مشاورت سے آئین کے آرٹیکل 232 اور 234 کے تحت آئینی اقدامات کا فیصلہ کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے دہشت گردی کی واضح الفاظ میں مذمت نہیں کی اور نہ ہی دہشت گردوں کے خلاف کوئی بھرپور کارروائی کی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے خیبرپختونخوا میں پاک افواج، سکیورٹی فورسز اور پولیس کے کئی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا اور مادر وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ 13 سال میں پاکستان تحریک انصاف اور خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت نے نہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے کام کیا اور نہ ہی عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے خاطر خواہ اقدامات کیے، صرف انتشار کا راستہ اپنایا گیا۔  انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے این ایف سی کے تحت 800 ارب روپے سے زائد فنڈز فراہم کیے۔ شہباز شریف نے کہا کہ اس کے باوجود صوبائی حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی استعداد کار بڑھانے اور سیف سٹیز کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات کرنے میں ناکام رہی۔ ملاقات کے دوران اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی وفد نے موجودہ صورتحال میں وفاقی حکومت کے ساتھ کھڑے رہنے کی یقین دہانی کرائی اور مشکل حالات میں ملک کی قیادت اور رہنمائی کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔ وفد نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام گزشتہ 13 سال سے پی ٹی آئی حکومت کے دور میں صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں ترقی سے محروم رہے۔

آگے شیئر کریں:

تبصرے

ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں آیا۔ پہلا تبصرہ آپ کریں!

تبصرہ کریں

مزید پاکستان کی نیوز